بارسلونا (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایل جی نے اپنا نیا فلیگ شپ سمارٹ فون
G6
متعارف کرا دیا ہے جس کی منفرد سکرین اور زبردست کیمرہ فیچرز نے ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔
بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران متعارف کرایا جانے والا
G6
اگرچہ آل سکرین ڈسپلے والا سمارٹ فون نہیں ہے لیکن یہ اس کے نزدیک ترین ضرور ہے کیونکہ اس کے چاروں جانب موجود بارڈرز انتہائی پتلے ہیں جس کے باعث سکرین بڑی محسوس ہوتی ہے۔
یہ سمارٹ فون اپنی طرز کا منفرد فون ہے کیونکہ اس کی 5.7 انچ کی سکرین 5.2 باڈی میں دی گئی ہے جو دیکھنے میں متاثر کن ہے اور بڑی سکرین والے فونز کے مقابلے میں چھوٹی لگتی ہے لیکن اس کا رزلٹ اتنا شاندار ہے کہ دیکھنے والا دنگ رہ جاتا ہے۔ اس کی سکرین ریزولوشن 2880x1440 پکسل ہے اور اس میں ڈولبائی ویژن اور ایچ ڈی آر 10 ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس کے باعث تصویر اور بھی زیادہ زبردست نظر آتی ہے۔ سکرین پر گوریلا گلاس شیل استعمال کی گئی ہے جبکہ فون ڈسٹ پروف اور واٹر پروف بھی ہے۔
اس سمارٹ فون کی پچھلی جانب 13 میگاپکسل کا ڈبل کیمرہ نصب کیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر پانچ میگا پکسل کا سیلفی کیمرہ ہے۔ اس کے ڈبل کیمرے میں سے ایک کا لینز 71 ڈگری کا روائتی زاویہ دیتا ہے جبکہ دوسرا لینز 125 ڈگری کے زاوئیے پر مشتمل ہے۔ اسی طرح فرنٹ پر لگائے گئے 5 میگا پکسل کیمرے کا زاویہ 100 ڈگری ہے جس کے باعث یہ وائیڈ اینگل سیلفیز کیلئے بہترین ہے۔
اس فون کو ایل جی کا اب تک کا سب سے خوبصورت فون قرار دیا جا رہا ہے جبکہ اس میں استعمال ہونے والا سکوائر کیمرہ سافٹ وئیر بھی ایک خاصیت ہے جس کے باعث سکرین دو حصوں میں ہو جاتی ہے، اس دوران کیمرے کے ذریعے لی گئی تصاویر کو ایک سکرین پر دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دوسرے حصے پر کیمرے کا رئیل ویو نظر آتا ہے۔
ایل جی نے اس فون میں کوالکوم کا سنیپ ڈریگون 821 استعمال کیا ہے جبکہ اس کی ریم 4 جی بی اور سٹوریج 32 جی بی ہے جبکہ زیادہ دیر تک استعمال کیلئے 3300 ایم اے ایچ کی بیٹری شامل ہے۔
کمپنی کی جانب سے تاحال اس کی قیمت کے بارے میں اعلان نہیں کیا گیا اور یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر اسے کن ممالک میں فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ ایل جی نئے سمارٹ فون کو امریکہ، انگلینڈ اور یورپ سمیت مشرق وسطیٰ میں فروخت کیلئے پیش کرے گی۔