Wednesday, 8 February 2017
مسلمان لڑکی کا ایسا کارنامہ کہ پورے بھارتی مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ،متعصب انڈین میڈیا بھی تعریف کرنے پر مجبور ہو گیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن)مودی حکومت ہندوستان میں مسلم دشمنی کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی ،اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کی خبریں آئے روز میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں لیکن بھارتی ریاست مہاراشٹر کی ایک نوجوان مسلمان لڑکی نے ایسا کارنامہ سرانجام دے کر عالمی اعزاز حاصل کیا ہے جس سے پورے انڈیا میں مسلمانوں کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے،مہارا شٹر کی نیلو فر شیخ نے 6مختلف زبانوں میں ایسا’’ موبائل ایپ ‘‘تیار کیا ہے جس سے دنیا بھر کے لوگ کہیں بھی بیٹھ کر مشہور اور بین الاقومی شہرت یافتہ مستند ترین ڈاکٹرز سے اپنی بیماری کا مفت علاج اور مشورہ لے سکتے ہیں ۔
بھارتی نجی ٹی وی چینل ’’انڈیا ٹی وی ‘‘ کے مطابق کسی بھی شعبے میں مسلمان لڑکیوں کی ترقی کو ایک مشکل کام مانا جاتا ہے کیوں کہ ہمارے معاشرے میں لڑکیوں کے مقابلے لڑکوں کو ترجیح دی جاتی ہے لیکن مہاراشٹر کے علاقے ’’ امراوتی‘‘ کی نیلوفر نے لڑکے اور لڑکی کے امتیاز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایسا کارہائے نمایاں انجام دیا ہے جس نے نہ صرف اس مسلمان بچی کو عالمی اعزاز کا حقدار بنایا ہے بلکہ اس کے کارنامے نے بھارت میں بسنے والے مسلمانوں اور عام ہندوستانیوں کا سر بھی فخر سے بلند کر دیا ہے۔ بی ڈی ایس کی تعلیم حاصل کرکے نیلوفر شیخ نے کچھ خاص کر گزرنے کے جذبے کے ساتھ 6 زبانوں میں ایک ایسی’’ موبائل ایپ‘‘ تیار کی ہے جس کی وجہ سے اُسے پونا میں ’’بین الاقوامی اینویشن آف دی ایئر ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا ہے۔
نیلوفر شیخ کا کہنا ہے کہ معاشرے میں تعلیم نسواں وقت کی ضرورت ہے، کسی بھی قوم کی ترقی کا دارو مدار اس قوم کی تعلیمی ترقی پر ہوتا ہے، اگر قوم کی لڑکیاں تعلیمی میدان میں ترقی کرتی ہیں تو قوم بھی ترقی کرے گی۔عالمی سطح کا اعزاز حاصل کرنے والی نیلو فرشیخ کا کہنا تھا کہ اس کے والدین کی بہترین رہنمائی اور حوصلہ افزائی ہی اِس کی کامیابی کا ضامن ہے، میرے والد سلطان شیخ جو ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم اور والد گریلو خاتون ہیں نے اپنے بچوں کی پڑھائی کے لئے ہر طرح کی قربانیاں دی ہیں اور میرا اعزاز حاصل کرنا بھی والدین کے مرہون منت ہے ۔
چین نے دنیا کا دوسرا بڑا شمسی ڈرون تیارکرلیا
بیجنگ(آئی این پی )چین اپنے سب سے بڑے شمسی توانائی سے چلنے والے ڈرون کی کارکردگی اس سال ٹیسٹ کرے گا۔چین کی اکیڈمی برائے ائیروسپیس ائیرڈائنامکس(سی اے اے اے )کے چیف انجینئر شی وین کے مطابق بوئنگ737مسافر طیارے کے پروں سے بھی چوڑے 40میٹر پر رکھنے والے رینبو سیریز کے اس ڈرون نے ابھی صرف پہلی فل سکیل ٹیسٹ فلائٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔یہ ڈرون دنیا کا دوسرا سب سے بڑا طاقت ور ڈرون ہے جبکہ پہلے نمبر پر ناسا کا ماڈل ہے۔
یہ دنیا بھر میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور کارکردگی کی استعداد رکھنے والا ڈرون ہے،یہ ڈرون زیادہ دیر تک اور انتہائی زیادہ بلندی تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،اس کی مرمت آسان اور سادہ ہے ۔چیف انجینئر نے اس کی زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں تاہم اتنا کہا کہ یہ ڈرون 20 سے 30کلومیٹر کی بلندی تک پرواز کرسکتے ہیں اور اس کے کروز کی رفتار 150سے 200کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔یہ بغیر انسان کے پرواز کرنے والا پیشگی وارنگ دینے،فضائی ماحول سے باخبر کرنے،آفات کے بارے میں آگاہ کرنے اور موسمی حالات کی خبر دینے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
فواد خان ایک بار پھر پاکستانی مداحوں کی دھڑکنوں کو تیز کرنے کیلئے تیار،حیران کن تصاویر سامنے آ گئیں
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستانی اداکار فواد خان نے اپنی اداکاری اور خوبصورتی کے باعث بھار ت میں تو بہت نام کمایا تاہم اب انہوں نے پاکستان میں واپس شائقین کی دلوں کی دھڑکنوں کو تیز کرنے کیلئے فلم کیلئے کام شروع کر دیاہے ،فلم میں کردار کے حوالے سے انہوں نے اپنے جسم اور چہرے کو بھی اسی کردار کے مطابق ڈھالنا شروع کر دیاہے۔اس تبدیلی نے ان کے مداحوں کو بھی حیرت زدہ کر دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق فواد خان وار فلم کے ڈائریکٹر بلال لاشاری کی نئی فلم کے کردار میں ڈھلنے کیلئے سرگرم نظر آ رہے ہیں جس فلم کا نام ممکنہ طور پر مولا جٹ ہے تاہم فلم کے نام کا حتمی اعلان ابھی سامنے نہیں آ سکاہے،اس فلم کیلئے فواد کی انتہائی حیرت انگیز اور خوبصورت تصاویر سامنے آ گئی ہیں جوکہ ان کے ساتھی اداکار میکال ذوالفقار نے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر جاری کیں جس میں انہوں نے داڑھی اور بال بڑھا رکھے ہیں ۔تصاویر اس چیز کو واضح کرتے ہیں کہ فواد خان کردار میں آدھا ڈھل چکے ہیں اور جلد ہی پوری طرح سے کردار میں نظر آئیں گے۔
بلال لاشاری نے فیس بک پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ وہ حمزہ علی عباسی اور فواد خان کے ساتھ فلم بنا رہے ہیں لیکن وہ مولاجٹ کا سیکول نہیں ہے ،اس کی کہانی بالکل مختلف اور نئی ہے ۔ابھی تو صرف فواد خان کی جسمانی تبدیلی عوام کے سامنے آئی ہے جبکہ ابھی تو اس سے بھی زیادہ حیران کن چیزیں تب سامنے آئیں جب فواد خان مولاجٹ اور حمزہ نوری نتھ کا کردار نبھاتے ہوئے نظر آئیں گے۔
بیٹے کا نام تیمور رکھے جانے پر ہنگامہ ، بالآخر کرینہ کپور نے بھی خاموش توڑ دی
ممبئی( آن لائن ) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے اپنے بیٹے کے نام کو متنازعہ بنانے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’تیمور علی خان‘‘ کی کسی زندہ یا مردہ شخصیت سے کوئی مماثلت نہیں ۔
اداکارہ کرینہ کپور سیف علی خان کے ساتھ شادی کے بعد سے ہی میڈیا کا موضوع بنتی رہی ہیں ، پہلے انہیں سیف کے ساتھ شادی پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا، بعد میں حاملہ ہونے کے باوجود فلمی دنیا کو خیرآباد نہ کہہ کر انہوں نے پھر سے سب کی توجہ حاصل کی ۔ماں بننے کے بعد بیٹے کا نام ’’تیمور علی خان‘‘ رکھنے پر توبھارت میں ایک تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا۔بیٹے کے نام کو متنازعہ بنانے پر سیف علی خان پہلے ہی وضاحت دے چکے ہیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بیٹے کے نام اور شہنشاہ تیمور میں بہت فرق ہے، تیمور ایک قدیم نام ہے جس کا مطلب فولاد کے ہیں، میں اور میری اہلیہ نے بہت سوچ سمجھ کر اور اس کا مطلب جان کر ہی یہ نام رکھا ہے۔ کرینہ کپور نے بھی بیٹے کی پیدائش کے 46 دن بعد اس حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ مجھے تو اس بات سے حیرانی ہوئی کہ لوگ کیوں ہمارے بیٹے کے نام کو اچھال رہے ہیں جب کہ ہم نے تو ’’تیمور‘‘ نام صرف اس لیے رکھا کہ اس کا مطلب عربی میں فولاد کے ہیں اور اس کی کسی زندہ یا مردہ شخصیت سے کوئی مماثلت نہیں ۔
دوسری جانب کرینہ کپور نے ماں بننے کے صرف 46 دن بعد ہی فلم نگری میں واپسی کرتے ہوئے گزشتہ روز ایک فیشن شو میں شرکت کی اور اب وہ سونم کپور کے ساتھ فلم ’’ویر دی ویڈنگ‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔واضح رہے کہ بھارت کے متنازعہ مصنف طارق فاتح نے سیف علی اور کرینہ کپور کے بیٹے کے حوالے سے ٹوئٹ کرکے بھارت میں تنازعہ کھڑا کردیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ کرینہ کپور ان پڑھ یا مغرور ہیں جنہوں نے بیٹے کا نام ہندوستانیوں کے قاتل تیمور کے نام پر رکھ دیا ہے جس سے اس کی وہی شناخت بنے گی۔
Subscribe to:
Posts (Atom)