لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) آئی فون صارفین کیلئے دستیاب فیس بک ایپلی کیشن ایک بار پھر بیٹری کے زیادہ استعمال کے باعث زیر بحث ہے اور آئی فون صارفین کی جانب سے فیس بک کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے تاہم اب فیس بک نے واضح کیا ہے کہ ایپلی کیشن کی نئی اپ ڈیٹ میں اس مسئلے کو حل کر دیاگیا ہے۔
فیس بک نے تاحال لوگوں کیجانب سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب تو نہیں دیا تاہم یہ ضرور بتایا گیا ہے کہ وہ اس مسئلے کے بارے میں بخوبی آگاہ تھے اور اس پر کام کر رہے تھے۔ فیس بک کے انجینئرنگ منیجر ”ایری گرانٹ“ نے فیس بک پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ بنیادی طور پر یہ مسئلہ ”سپن بگ ایشو“ کے باعث پیش آیا جس کے باعث موبائل کا سی پی یو ”سلیپ موڈ“ میں واپس نہیں جا سکتا تھا۔ گرانٹ کے مطابق دوسری وجہ ”آڈیو بگ“ ہے، جب کوئی یوزر فیس بک ایپلی کیشن پر ویڈیو دیکھ کر اسے بند کرتا تھا تو آڈیو سروس بند نہیں ہوتی تھی اور بیٹری کی کھپت میں اضافے کا باعث بن رہی تھی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس ”آڈیو بگ“ کا دراصل فیس بک کے ساتھ کوئی تعلق نہیں کیونکہ یہ مسئلہ موبائل میں موجود میوزک پلیئر سے متعلق ہے۔
فیس بک کے انجینئر کی جانب سے وضاحت کے باوجود افواہوں کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ فیس بک ایپل کے ان قوانین کی خلاف ورزی کر رہا تھا جن کے تحت کسی بھی ایپلی کیشن کو ”بیک گراﺅنڈ“ میں چلنے کی اجازت نہیں ہے تاہم پکڑے جانے پر اسے ”بگ“ قرار دیا جا رہا ہے لیکن ایک بات واضح ہے کہ فیس بک نے بالآخر اس مسئلے پر قابو پا لیا ہے اور اب فیس بک ایپلی کیشن آئی فون کی بیٹری کو ”کھانے“ سے گریز کرے گی۔
No comments:
Post a Comment
Thanks For Comments